حیدرآباد:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز محمد سراج نے فوڈ بزنس کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں ’جوہرفا‘ کے نام سے ایک ریسٹورنٹ کھولا ہے۔ ان کے نئے ریسٹورنٹ میں مغلئی، ایرانی، عربی اور چائنیز ذائقہ دار کھانوں کا منفرد امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔ ریسٹورنٹ کا مینو خاص طور پر حیدرآبادی ذائقہ کو دھیان میں رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جو ہر عمر کے لوگوں کو کافی پسند آئے گا۔
ریسٹورنٹ کے افتتاح کے موقع پر محمد سراج نے پریس ریلیز میں کہا کہ ’’جوہرفا میرے دل کے بہت قریب ہے۔ حیدرآباد نے مجھے میری پہچان دی اور یہ ریسٹورنٹ میری جانب سے ایک تحفہ ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ لوگ یہاں آئیں، ساتھ بیٹھیں، ذائقہ دار کھانا کھائیں اور گھر جیسا محسوس کریں۔‘‘ محمد سراج کے ریسٹورنٹ کھولنے کے بعد ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کو مبارک باد دینا شروع کر دیا ہے۔ واضح ہو کہ محمد سراج کا یہ ریسٹورنٹ حیدرآباد کے بنجارہ ہِلس کے روڈ نمبر 3 پر بنا ہوا ہے۔
محمد سراج ان دنوں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ دورہ پر ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پہلے میچ میں انگلینڈ نے ہندوستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ اس میچ میں محمد سراج نے پہلی اننگ میں 2 وکٹ حاصل کیے تھے، جبکہ دوسری اننگ میں انہیں کوئی وکٹ نہیں مل پایا تھا۔ سیریز کا دوسرا میچ 2 جولائی سے ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلا جائے گا اور اس مقابلہ میں محمد سراج سے بہترین کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔