نئی دہلی/قاہرہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان مصر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور سال 2023 دونوں ملکوں کے لیے پہلے ہی قابل ذکر سال رہا ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب مصطفیٰ مدبولی کے ساتھ گول میز ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کے بعد بیانات میں مقامی اطلاعات کے مطابق مودی نے کہا کہ انہوں نے اپنے مصری ہم منصب کی دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر مثبت رائے کو غور سے سنا اور تجاویز پر تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
پی ایم مودی نے کہا کہ "یہ ہمارے مشترکہ تعلقات کے لئے ایک قابل ذکر سال ہے۔ اس سال کے شروع میں صدر عبدالفتاح السیسی نے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر ہندوستان کا دورہ کیا تھا، جہاں ہم نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک سطح تک بڑھانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر میں نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت کے لیے مصر کے صدر کو دوبارہ ہندوستان مدعو کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ مصر اور ہندوستان اگلے پانچ سالوں میں باہمی تجارت میں 12 بلین ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف گزشتہ چھ ماہ میں ہندوستانی کمپنیوں نے مصر میں تقریباً 170 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔