نئی دہلی: آئی سی سی ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی خود ورلڈ کپ کا یہ فائنل میچ دیکھنے احمد پہنچیں گے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 19 نومبر کو احمد آباد جائیں گے۔ جہاں وہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا کا فائنل میچ دیکھیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آسٹریلیا کے وزیراعظم بھی اس فائنل میچ کو دیکھنے آ سکتے ہیں۔ تاہم ابھی تک آسٹریلوی وزیر اعظم کے حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت ہند نے آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانی کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ دیکھنے کا دعوت نامہ ارسال کر دیا ہے۔ یہی نہیں آسٹریلیا کے ڈپٹی پی ایم کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور مانا جا رہا ہے کہ یہ دونوں میچ دیکھنے احمد آباد آئیں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی اس دوران اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔ فی الحال آسٹریلوی وزیر اعظم کی آمد کے حوالے سے باضابطہ تصدیق کا انتظار ہے۔
ہندوستانی ٹیم کا ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کا سفر پر ایک نظر ڈالے تو پتہ چلتاہے کہ مضبوط بیٹنگ یونٹ اور مضبوط باؤلنگ اٹیک کے ساتھ ہندوستان مسلسل 10 میچ جیت کر 12 سال بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ اس ورلڈ کپ فائنل تک ہندوستان کا سفر ناقابل شکست رہا۔وہیں ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو اس ورلڈ کپ میں ایک بار شکست دے چکی ہے۔یاد رہے کہ ٹیم انڈیا نے بدھ کے روز وانکھیڑے اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں ہارنے کا سلسلہ ختم کردیا ۔ اب فائنل میں ہندوستان کو اتوار کے روز احمد آباد میں آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہوگا۔ ہندوستان نے چار سال پہلے مانچسٹر میں سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے ملی شکست کا حساب برابر کرلیا ۔ وراٹ کوہلی نے ون ڈے میں 50 ویں سنچری پوری کرکے سچن تیندولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ محمد سمیع نے سات وکٹیں حاصل کرکے گیند بازی میں ایک بار پھر کمال دکھا کر پوری محفل لوٹ لی۔