اتر کاشی اتراکھنڈ کے اترکاشی واقع سلکیارا ٹنل دھنسنے کے بعد جاری ریسکیو مہم میں 9 دنوں بعد پیر کے روز اہم کامیابی ملی۔ غار کے بند حصے میں53 میٹر طویل 6 انچ کی پائپ لائن ڈال کرمزدوروں کو گرم کھچڑی بھیجی گئی ۔ اب تک 4 انچ کی پائپ ہی لائف لائن بنی تھی۔ اب 6 انچ چوڑی پائپ ملبہ کے آر پار بچھا دی گئی ہے۔ اس سے مزدوروں تک بڑے سائز کے سامان، خوردنی اشیا، دوائیوں سمیت دیگر ضروری سامان بھیجے جا سکیں گے۔اس درمیان پیر کو اتراکھنڈ حکومت کے سکریٹری ڈاکٹر نیرج کھیروال نے پروجیکٹ افسران اور ضلع انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ٹنل کا جائزہ لے کر ریسکیو مہم کا معائنہ کیا اور افسران کو کچھ اہم ہدایات دیں۔
دریں اثناء اترکاشی کے سلکیارا میں سرنگ میں پھنسے مزدوروں کا معاملہ پیر کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں پہنچ گیا اور معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت سے 48گھنٹے کے اندر جواب دینے کیلئے کہا ہے ۔ دہرادون کی سمادھان نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے پی آئی ایل کے ذریعہ اس معاملہ کو چیلنج کیا ہے ۔ معاملہ کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس کی ڈبل بنچ میں ہوئی۔درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اترکاشی کے سلکیارا میں چاردھام آل ویدر روڈ پروجیکٹ کے تحت 4.5 کلومیٹر لمبی سرنگ بنائی جا رہی ہے ۔