جموں: جموں وکشمیر حکومت نے ملازمین سے سرکاری ڈیوٹی کے بطور 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کرنے کو کہا ہے ۔ حسب سابقہ امسال بھی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں منعقد ہوگی۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس تقریب کی صدارت کریں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے ۔ حکومت کی طرف سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں میں تعینات حکومت اور پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ کے تمام افسران سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی کے طور پر یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کریں۔ تمام شعبہ جات کے سربراہان اور پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگز کے چیف ایگزیکٹوز اس تقریب میں اپنی اور اپنے ماتحت ملازمین کی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ادھر یوم جمہوریہ کی تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔