بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم آج ختم ہو گئی ہے۔ اب تمام سیاسی پارٹیاں دوسرے مرحلہ کی انتخابی مہم میں مصروف ہو گئی ہیں۔ کانگریس نے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس پریس کانفرنس سے راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ و کانگریس کے سینئر رہنما اشوک گہلوت اور پارٹی کے میڈیا اینڈ پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پوکن کھیڑا نے خطاب کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بہار کانگریس کے سینئر مبصر اشوک گہلوت نے کہا کہ ’’انتخاب کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جاتا ہے، اس میں کوئی بھی منصوبہ نافذ نہیں ہو سکتا ہے۔ لیکن بہار میں انتخاب کے دوران بھی خواتین کے کھاتے میں پیسے ڈالے گئے۔ یہ سب دیکھنے کے بعد بھی الیکشن کمیشن کارروائی کرنے کی ہمت نہیں کر پا رہا ہے۔ آخر یہ کیا ہو رہا ہے اور سوال یہ ہے کہ کیا یہی جمہوریت ہے؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی نے اب تک عوام سے جتنے بھی وعدے کیے ہیں ان میں ایک بھی وعدہ اب تک پورا نہیں کیا ہے۔ ان کے اہم وعدوں میں کالا دھن لے کر آئیں گے، 2 کروڑ ملازمت دیں گے، 15 لاکھ کھاتے میں ڈالیں گے، چینی مل شروع کریں گے اور 100 اسمارٹ سٹی بنائیں گے شامل ہیں۔
اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ ’’بہار میں انتخابی ماحول کو دیکھ کر لگ رہا ہے نتیش کمار جی اقتدار سے جا رہے ہیں اور تیجسوی یادو جی آ رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے یہ بھی ظاہر کیا کہ ’’مہاگٹھ بندھن کی حکومت نے بہار میں 25 لاکھ روپے کا مفت ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ بہار کے لوگوں کے لیے بڑی راحت ثابت ہوگی۔ اس لیے میری پورے بہار سے اپیل ہے کہ یہاں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنائیں۔













