نئی دہلی: ملک میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) پر جاری بحث کے درمیان سابق وزیر قانون اور کانگریس کے سینئر لیڈر ویرپا موئیلی نے وزیر اعظم نریندر مودی، لا کمیشن اور تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ پرسنل لا پر تنازعات کا پٹارہ نہ کھولیں۔ معاشرے میں افراتفری کی صورتحال پیدا نہ کریں۔
ایک بیان میں موئلی نے اس بات پر زور دیا کہ آئین کا آرٹیکل 25 عقیدہ کی آزادی کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں اس کا ذکر ضرور ہے لیکن آئین بنانے والوں نے دستور ساز اسمبلی میں فیصلہ کیا تھا کہ یکساں سول کوڈ کو لازمی نہیں بنایا جانا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا تعلق ہندوستانی سماج کے تنوع سے ہے۔ یو پی اے حکومت کے دوران وزیر قانون رہ چکے موئیلی نے مزید کہا کہ 21 ویں لا کمیشن نے کہا تھا کہ یکساں سول کوڈ کی ضرورت نہیں ہے۔