چھتیس گڑھ کے بستر میں سلامتی دستوں اور نکسلیوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا ہے۔ اس تصادم میں جوانوں نے 4 نکسلیوں کو مار گرایا ہے جبکہ اس میں ایک ہیڈ کانسٹیبل کی بھی موت ہو گئی ہے۔ موقع پر سے کئی اسلحے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ یہ تصادم ہفتہ کی شام نارائن پور اور دنتے واڑہ ضلعوں کی سرحد پر جنوبی ابوجھ ماڑ کے جنگل میں اس وقت شروع ہوا جب سلامتی دستوں کی ایک مشترکہ ٹیم نکسلی مخالف مہم پر نکلی ہوئی تھی۔ ایک افسر نے بتایا کہ ہفتہ کی دیر رات گولی باری بند ہونے کے بعد 4 نکسلیوں کی لاش اور اے کے 47 رائفل اور سیلف لوڈنگ رائفل (ایس ایل آر) سمیت خودکار اسلحہ موقع سے برآمد کیے گئے۔
نارائن پور کے ایس پی پربھات کمار نے بتایا کہ جنوبی ابوجھ ماڑ علاقے میں نکسلیوں کی موجودگی کی اطلاع پر جمعہ کو نارائن پور، دنتے واڑہ، کوڈا گاؤں اور بستر ضلع سے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ڈی آر جی دستہ کو مہم پر بھیجا گیا تھا۔ جوان ندی نالوں کو عبور کرتے ہوئے جنگل کے اندر کئی کلومیٹر تک پیدل چل کر پہنچے تھے۔ اس دوران نکسلیوں نے جوانوں کو دیکھ کر گولی باری شروع کر دی۔ اس پر جوانوں کے ذریعہ جوابی کارروائی کی گئی، جس میں 4 نکسلی مارے گئے۔ ہفتہ کی شام سے لے کر اب تک کئی بار رک رک کر تصادم ہوا ہے۔