پٹنہ: پی ایم سی ایچ سے گائے گھاٹ تک پٹنہ گنگا پتھ کے دوسرے مرحلے کا پیر کو وزیر اعلی نتیش کمار نے افتتاح کیا۔ گنگا پتھ کے دوسرے مرحلے سے ہر روز پٹنہ سیٹی سے پٹنہ شہر کے علاقے میں آنے والے 2 لاکھ لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ اس پورے راستے کو ترنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ ڈیوائیڈرز اور کریش بیریئرز پر زیبرا پینٹنگ کی گئی ہے جبکہ سڑک کی دونوں جانب پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ فٹ پاتھ بھی بنائے گئے ہیں۔
گائے گھاٹ کے قریب ایک انڈر پاس بھی بنایا گیا ہے۔ انڈر پاس کا مطلب ہے اوپر پل اور نیچے سڑک۔ یہ انڈر پاس وہاں واقع ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا(آئی ڈبلیو اے آئی)کی سہولیات کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ انڈر پاس آگے بڑھے گا اور سیدھاآئی ڈبلیو اے آئی کی جیٹی کی طرف جائے گا، جہاں کشتیاں اور بحری جہازلگتےہیں۔ اس کے علاوہ یہ انڈر پاس بھی ملٹی پرپز ہوگا۔عام شہری بھی یہاں سے سفر کر سکتے ہیں اور انہیں گھاٹ تک جانے کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔ اس کے ساتھ ہی، گائے گھاٹ کے قریب ایک سڑک بھی بنائی گئی ہے، جو ڈاون ریمپ سے جوڑے گی اور سیدھی مین روڈ کی طرف جائے گی۔
جے پی گنگا پتھ کے دوسرے مرحلے کے شروع ہونے سے اشوک راج پتھ کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ راحت ملے گی۔ساتھ ہی لوگ بہ آسانی پی ایم سی ایچ پہونچ سکیں گے۔ اشوک راج پتھ میں مہندرو، سلطان گنج، پتھر کی مسجد، چودھری ٹولہ، تریپولیا، بلکیشن گنج، پٹھان ٹولی، عالم گنج، نورانی باغ، بابو گنج کے علاقے شامل ہیں۔