نئی دہلی : آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلی چندرا بابو نائیڈو کی این ڈی اے اتحاد میں واپسی تقریباً طے ہوگئی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش گاہ پر ہوئی ایک اہم میٹنگ میں سیٹ شیئرنگ فارمولے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ بی جے پی آندھرا پردیش میں چندرابابو نائیڈو کی تیلگو دیشم پارٹی اور پون کلیان کی جن سینا پارٹی کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑے گی۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی اور جن سینا آندھرا کی 8 لوک سبھا اور 30 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑ سکتی ہیں جبکہ ٹی ڈی پی 17 لوک سبھا اور 145 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑ سکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی اراکو، راج مندری، نرسا پورم، تروپتی، ہندوپور اور راجمپیٹ لوک سبھا سیٹوں پر الیکشن لڑ سکتی ہے۔ جن سینا کو انکاپلی، کاکیناڈا اور مچھلی پٹنم سے دو سیٹیں مل سکتی ہیں۔
امت شاہ، جے پی نڈا، چندرابابو نائیڈو اور پون کلیان کے درمیان ہفتہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش گاہ پر ہوئی میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق کے بعد نائیڈو کی این ڈی اے اتحاد میں واپسی کا راستہ بھی صاف ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ تینوں پارٹیاں این ڈی اے اتحاد کے تحت لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ لڑیں گی۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا جلد ہی باضابطہ طور پر اتحاد کا اعلان کر سکتے ہیں۔