واشنگٹن:امریکی ریاست اوہائیو میں پولیس کے بہیمانہ تشدد کے باعث ایک اور سیاہ فام شخص موت کے منہ میں چلا گیا جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ پولیس نے فرینک ٹائسن نامی سیاہ فام کو مبینہ طور پر ایکسیڈنٹ کے بعد فرار ہوتے ہوئے پکڑا تھا۔منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فرینک ٹائسن کوپولیس اہلکاروں نے فرش پر لٹا کر دبوچ رکھا ہے ،وہ سے التجا کرتا رہا کہ وہ سانس نہیں لے پا رہا لیکن کسی نے اس کی نہیں سنی اور بالآخروہ دم توڑ گیا۔
یاد رہے کہ سال 2020 میں امریکی ریاست مینیسوٹا میں پولیس اہلکاروں کے تشدد سے جارج فلائیڈ نامی سیاہ نام شخص موت کے منہ میں چلا گیا تھا جس کے بعد امریکا بھر میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔گزشتہ ماہ انگلینڈ کی کاؤنٹی کمبریا میں سفید فام شخص کی جانب سے اسکول جانے والے سیاہ فام طالب علم کے ساتھ متعصبانہ سلوک کی ویڈیو نے لوگوں کو سخت افسردہ کیا تھا۔ایک سیاہ فام اسکول کے لڑکے کو ایک سفید فام مرد کے جوتے کو چومنے پر مجبور کیا گیا تھا، ’نسلی بدسلوکی‘ کی مذکورہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔