جے پور:وزیر اعلیٰ کی کرسی حاصل کرنے کی وسندھرا راجے کی کوششیں آخر کارناکام ہو گئیں۔ بھجن لال شرما ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں بھجن لال شرما کے نام کو منظوری ملی۔ بھرت پور کے رہنے والے بھجن لال شرما کافی عرصے سے تنظیم میں سرگرم ہیں۔بی جے پی نے انہیں جے پور کے سنگانیر سیٹ سے الیکشن لڑوایا اور وہ پہلی بار میں ہی وزیر اعلیٰ کی کرسی تک جا پہنچے۔ موجودہ ایم ایل اے اشوک لاہوتی کا ٹکٹ کاٹ کر بھجن لال شرما کو امیدوار بنایا گیا تھا۔ بھجن لال شرما پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں، تاہم وہ 4 مرتبہ ریاستی جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں اور آر ایس ایس اور اے بی وی پی سے وابستہ رہے ہیں۔بی جے پی ہائی کمان نے مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، ونود تاوڑے اور سروج پانڈے کو راجستھان کا مبصر بنایا تھا۔ آج دوپہر تینوں لیڈر جے پور پہنچے اور ایم ایل اے کے ساتھ میٹنگ کی۔ وہیں، مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے وسندھرا راجے سے ون ٹو ون ملاقات کی۔ دوسری طرف بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی راج ناتھ سنگھ سے فون پر بات کی۔
خیال رہے کہ راجستھان اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد بی جے پی کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ کسے وزیر اعلیٰ منتخب کیا جائے۔ اس دوڑ میں کئی نام شامل تھے اور سب سے پہلا نام وسندھرا راجے کا تھا۔ وہ پہلے بھی راجستھان کی کمان سنبھال چکی ہیں۔ اس کے علاوہ راجستھان میں ہندوتوا کے پوسٹر بوائے بابا بالک ناتھ کا نام بھی زیر بحث آیا۔ اس کے علاوہ اس دوڑ میں گجیندر شیخاوت، سی پی جوشی، دیا کماری اور راجیہ وردھن راٹھور جیسے نام بھی شامل تھے۔