اترکاشی: ، اتراکھنڈ میںاترکاشی کے سلکیارا ٹنل کے اندر12 نومبر سے پھنسے 41 مزدوروں نے زندگی کی جنگ جیت لی ہے۔ کئی اتار چڑھاؤ کے بعد کئی دنوں تک جاری رہنے والا ریسکیو آپریشن منگل کو کامیاب رہا اور تمام پھنسے ہوئے مزدوروں کو بچا لیا گیا۔ بحفاظت نکالے جانے کے بعد، تمام مزدوروں کو طبی امداد کے لیے سلکیارا سرنگ کے مقام سے ایمبولینسوں میں عارضی اسپتال بھیج دیا گیاجہاں ان کی صحت کی جانچ ہوگی۔
12 نومبر کو اترکاشی کے سلکیارا میں صبح 5:30 بجے زیر تعمیر سرنگ میں ملبہ گرنے سے 41 مزدور پھنس گئے تھے۔ انہیں بچانے کے لیے گزشتہ 17 دنوں سے مختلف ایجنسیوں کے تعاون سے جاری ریسکیو آپریشن کو منگل کو بڑی کامیابی ملی اور رات 8 بجے کے قریب پانچ مزدوروں کو نکال لیا گیا۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ باقی تمام کارکنوں کو ٹنل سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔