نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کا عملی طور پر آغازکیا۔اس اسکیم کے تحت ملک بھر میں 508 ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھاگیا۔ اس موقع پروزیر اعظم نے ریلوے اسٹیشنوں پر عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس ویژن سے متاثر ہو کر، ملک بھر میں 1309 اسٹیشنوں کی از سر نو تعمیر کے لیے امرت بھارت اسٹیشن اسکیم شروع کی گئی ہے۔
اس اسکیم کے تحت وزیر اعظم آج 508 اسٹیشنوں کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ ان اسٹیشنوں کو 24,470 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے دوبارہ تیار کیا جائے گا۔ شہروں کے دونوں اطراف کی مناسب ترقی کے ساتھ ان اسٹیشنوں کو ‘سٹی سینٹرز کے طور پر تیار کرنے کے لیے ماسٹر پلان تیار کیے جا رہے ہیں۔ یہ مربوط نقطہ نظر ریلوے اسٹیشن کے ارد گرد مرکز شہر کی پوری ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
پی ایم مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ‘6 اگست ریلوے سیکٹر کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ تاریخی امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت ہندوستان بھر میں 508 ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد صبح 11 بجے رکھا جائے گا۔ تقریباً 25,000 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کی جانے والی ری ڈیولپمنٹ سے ہمارے ملک میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے انداز میں انقلاب آئے گا۔ یہ ‘زندگی کی آسانی کو فروغ دے گا اور آرام کے ساتھ ساتھ سہولت میں بھی اضافہ کرے گا۔ اس بات کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے کہ اسٹیشن مقامی ثقافت، ورثے اور فن تعمیر سے ہم آہنگ ہوں۔
یہ 508 اسٹیشن 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں، جن میں سے اتر پردیش اور راجستھان میں 55 اسٹیشن ہیں۔ بہار میں 49، مہاراشٹر میں 44، مغربی بنگال میں 37، مدھیہ پردیش میں 34، آسام میں 32، اڑیسہ میں 25، پنجاب میں 22، گجرات اور تلنگانہ میں 21، جھارکھنڈ میں 20، آندھرا پردیش اور تمل ناڈو میں 18-18، اس پروجیکٹ میں ہریانہ کے 15 اور کرناٹک کے 13 اسٹیشن شامل ہیں۔