کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شدید سیلاب کی زد میں آئے پنجاب کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے متاثرین کو فوری اور زیادہ تیزی سے ضروری سامان فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔راہل گاندھی نے سوشیل میڈیا ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا،”پنجاب میں آئے شدید سیلاب سے جانی نقصان اور وسیع تباہی انتہائی افسوسناک اور دردناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور پھنسے ہوئے سبھی لوگوں کی سلامتی کی دعا کرتا ہوں۔ مرکز اور ریاستی حکومت سے اپیل ہے کہ راحت اور بچاؤ کارروائیوں میں مزید تیزی اور مضبوطی لائی جائے۔ تباہی کی ہولناکی کو دیکھتے ہوئے حکومت کو مشن موڈ میں کام کرنا ہوگا۔ کسانوں، مزدوروں، مویشی پالنے والوں اور عام شہریوں کو فوری اور مؤثر امداد ملنی چاہیے۔
انہوں نے کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں سے کہا کہ اس وقت راحت رسانی ہی آپ کی سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے — یہی آپ کی واحد ذمہ داری ہے اور ہم سب کو مل کر پنجاب کے عوام کا سہارا بننا ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے پنجاب شدید سیلاب کی زد میں ہے۔ پنجاب کے عوام، خاص طور پر کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ پنجاب کے ہمارے بہادر بھائی بہن بڑی ہمت کے ساتھ اس آفت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ مرکز اور ریاستی حکومت سے گزارش ہے کہ اس آفت کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے متاثرین کو ضروری امداد پہنچائی جائے اور نقصان کی تلافی کے لئے معاوضے کا بھی انتظام کیا جائے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ "کانگریس کے ساتھیوں سے اپیل ہے کہ اس مشکل وقت میں متاثرہ لوگوں کی ہرممکن مدد کریں۔