نئی دہلی: پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 26/11 ممبئی دہشت گرد حملوں کے ملزم تہوّر رانا کی آواز اور تحریر کے نمونے لینے کی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کو اجازت دے دی ہے۔ این آئی اے نے عدالت میں درخواست دائر کر کے یہ اجازت طلب کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
تہوّر رانا فی الوقت این آئی اے کی حراست میں ہے۔ گزشتہ ماہ عدالت نے این آئی اے کی خصوصی عدالت میں اس کی حراست کو 12 دن کے لیے بڑھا دیا تھا۔ عدالت نے این آئی اے کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ رکھتے ہوئے یہ حکم سنایا۔
اس سے قبل تہوّر رانا کو 18 دن کی این آئی اے حراست میں بھیجا گیا تھا۔ حراست کی مدت مکمل ہونے کے بعد، اسے سخت سکیورٹی کے درمیان خصوصی جج چندرجیت سنگھ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران این آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ 17 سال پرانے اس دہشت گرد حملے کی گہرائی میں جا کر سچائی تک پہنچنے کے لیے تہوّر رانا سے مزید پوچھ گچھ ضروری ہے۔ ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ اسے تفتیش کے دوران متعدد مقامات پر لے جانا ہے، اس لیے رانا کی مزید حراست ضروری ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں امریکہ کی سپریم کورٹ نے تہوّر رانا کی اس اپیل کو خارج کر دیا تھا جس میں اس نے خود کو ہندوستان کے حوالے کیے جانے (ایکسٹراڈیشن) کی مخالفت کی تھی۔ 4 اپریل 2025 کو اس کی نظرثانی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد اسے ہندوستان لایا گیا۔
تہوّر رانا کو 10 اپریل کو ہندوستان لائے جانے کے فوراً بعد این آئی اے نے گرفتار کر کے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی خصوصی عدالت میں پیش کیا تھا۔ عدالت نے ابتدائی طور پر اسے 18 دن کے لیے این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا۔ جب یہ مدت مکمل ہوئی تو اسے دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد اس کی حراست مزید 12 دن کے لیے بڑھا دی گئی۔