واشنگٹن: ٹیسلا، اسپیس ایکس کے سی ای او اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک نے اطلاع دی ہے کہ امریکہ میں ایمیگرینٹس یعنی تارکین وطن کافی کامیاب ہو رہے ہیں اور ہندوستانی نژاد امریکی کمائی کے معاملے میں سب سے آگے ہیں۔ تائیوان، چین اور جاپان کے علاوہ انہوں نے سفید فام امریکیوں کو اس معاملے میں بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی جو امریکی مردم شماری بیورو کے ڈیٹا پر مبنی ہے۔ اس میں امریکہ میں رہنے والے مختلف ایشیائی تارکین وطن گروپوں کی سالانہ اوسط گھریلو آمدنی 2018 پر توجہ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مسک خود جنوبی افریقہ سے امریکہ آنے والے تارکین وطن ہیں۔ تاہم، انہوں نے ذات اور جنس کی بنیاد پر آمدنی میں عدم مساوات کی بحث کو مسترد کر دیا ہے۔ اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا ’’واہ، امریکہ واقعی مواقع کی سرزمین ہے۔اس پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کی اوسط سالانہ گھریلو آمدنی 119858 ڈالر ہے جو کہ سب سے زیادہ ہے۔ اس کے بعد تائیوان، چین اور جاپان سے آنے والے تارکین وطن کی آمدنی ہے۔
یہ اعداد و شمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستانی نژاد امریکیوں کی اوسط گھریلو آمدنی 77315 ہے جو اس فہرست میں پانچویں مقام پر ہے۔ اس کے علاوہ فلپائنی، کورین، کمبوڈین، ہمونگ اور ویتنامی امریکیوں کا نمبر آتا ہے۔ تاہم، اس فہرست میں یہ واضح طور پر نظر آتا ہے کہ ان کی اوسط گھریلو آمدنی سفید فام امریکیوں (65902 ڈالر) کی آمدنی سے زیادہ ہے۔