کولکاتہ : سندیش کھالی تشدد کے ملزم شاہجہاں شیخ کو بدھ کو سی بی آئی نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد سی بی آئی مرکزی فورسز کے ساتھ بنگال پولیس ہیڈکوارٹر پہنچی، جہاں سے انہوں نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے برطرف لیڈر کو اپنی تحویل میں لیا۔ حالانکہ ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی وقت کی حد کے مطابق شاہجہان شیخ کی تحویل میں ڈھائی گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ شاہجہان شیخ کو شام 4:15 بجے تک سی بی آئی کے حوالے کیا جائے، جس کے بعد یہ ہوا ہے ۔
مرکزی ایجنسی منگل کو ترنمول کانگریس کے معطل لیڈر شاہجہان شیخ کو دو گھنٹے سے زیادہ انتظار کرنے کے باوجود مغربی بنگال سی آئی ڈی (کریمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ) سے اپنی تحویل میں نہیں لے سکی تھی۔ سی آئی ڈی نے کہا تھا کہ سندیش کھالی لیڈر شیخ کو مرکزی ایجنسی کے حوالے نہیں کیا گیا کیونکہ ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔
بدھ کو جاری کردہ نئے رہنما خطوط میں کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال حکومت کو حکم دیا کہ سندیش کھالی میں ای ڈی افسران پر حملہ کرنے کے ملزم شیخ کو شام 4.15 بجے سے پہلے سی بی آئی کے حوالے کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ سندیش کھالی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکاروں پر حملے کا معاملہ سی بی آئی کو منتقل کرنے اور کلیدی ملزم شاہجہان شیخ کو مرکزی ایجنسی کے حوالے کرنے کے اس کے منگل کے حکم کو فوری طور پر نافذ کرے۔