سپریم کورٹ نے سابق وزیر برج بہاری پرساد قتل معاملہ میں ایک اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے سابق ایم ایل اے منا شکلا کو شدید جھٹکا دیتے ہوئے انہیں عمر قید کی سزا دی ہے۔ حالانکہ اس مقدمہ میں سابق رکن پارلیمنٹ سورج بھان سنگھ سمیت 6 ملزمین کو بری کر دیا گیا ہے۔ اپنے فیصلہ کے بعد عدالت نے منا شکلا سمیت 2 قصورواروں کو 15 دنوں کے اندر خود سپردگی کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس سے پہلے پٹنہ ہائی کورٹ میں معاملے کی سماعت ہوئی تھی جہاں سبھی ملزمین کو بَری کر دیا گیا تھا جس کے بعد اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ واضح ہو کہ پٹنہ ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کا فیصلہ پلٹا تھا اور سال 2014 میں ثبوتوں کی کمی میں سبھی 8 ملزمین کو بَری کر دیا تھا۔ نچلی عدالت نے سبھی کو قصوروار قرار دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ برج بہاری پرساد بہار کے قد آور رہنما رہے ہیں۔ سال 1988 میں ان کا گولی مار کر سرعام قتل کر دیا گیا تھا۔ اس وقت وہ حکومت بہار میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر تھے۔ برج بہاری کو اندرا گاندھی انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنس اسپتال میں شام کی سیر کے دوران گولی ماری گئی تھی۔ برج بہاری پرساد پر انجینئرنگ داخلہ میں گھوٹالے کا بھی الزام تھا۔
قابل ذکر ہے کہ برج بہاری پرساد کی اہلیہ رما دیوی بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ بھی رہی ہیں۔ انہوں نے اور سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی اور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔سپریم کورٹ نے جہاں ایک طرف سابق رکن پارلیمنٹ سورج بھان سمیت 6 لوگوں کو بری کرنے کے پٹنہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کو برقرار رکھا وہیں دوسری طرف ایم ایل اے منا شکلا سمیت دو قصورواروں کو عمر قید کی سزا مقرر کی۔ دونوں کو 15 دنوں کے اندر سرینڈر کرنے کو کہا گیا ہے۔