نئی دہلی :وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو یونان میں باوقار ’گرانڈ کراس آف دی آرڈر آف آنر‘ سے نوازے جانے پر اُنہیں مبارکباد پیش کی۔ ایک ٹویٹ میں شاہ نے کہا کہ اپنے منفرد تدبّر کے ذریعے معاشروں کے درمیان فرق کو ختم کرتے ہوئے، دلوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہوئے اور ملکوں کو متحد کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے مختلف ملکوں سے ایک کے بعد ایک اعزازات حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ اعزاز جو وزیر اعظم کسی ملک سے حاصل کرتے ہیں، وہ دراصل ملک کے ہر شہری کا اعزاز ہے۔
یونان کی صدر کیٹرینا سکیلاروپولو نے جمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی کو ‘گرینڈ کراس آف دی آرڈر آف آنر سے نوازا۔ قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم مودی جنوبی افریقہ میں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد یونان گئے تھے۔ پی ایم مودی 40 سال بعد یونان کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیراعظم ہیں۔ یونان کا آخری اعلیٰ سطح کا دورہ ستمبر سنہ 1983 میں اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے کیا تھا۔
واضح رہے کہ آرڈر آف آنر 1975 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس اعزاز کو یونان کے صدر کی طرف سے وزرائے اعظم اور ان معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے یونان کو اپنی خصوصی حیثیت کی وجہ سے بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اس اعزاز کے نوازے جانے کے بعد پی ایم مودی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا کہ گرانڈ کراس آف دی آرڈر آف آنر سے نوازنے پر میں صدر کیٹرینا ساکیلاروپولو، یونان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یونان کے لوگوں ہندوستان کے تئیں کتنا احترام ہے۔