اپنے دور کی مشہور اور دلکش اداکارہ زینت امان اپنے منفرد خیالات اور زندگی کے تجربات کو بانٹنے کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں، انہوں نے انسٹاگرام پر ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا جو ان کے لیے نہایت نازک ثابت ہوا۔ یہ واقعہ ان کی رات کے وقت دوا لینے کی کوشش سے شروع ہوا، جو کہ بعد میں صبر، تحمل اور زندگی کی مشکلات سے نمٹنے کا سبق بن گیا۔زینت امان نے اپنی ایک اسٹائلش تصویر کے ساتھ پوسٹ میں لکھا کہ وہ ایک طویل شوٹ کے بعد گھر واپس آئیں۔ گھر پہنچتے ہی انہوں نے اپنی پالتو کتیا لِلی کو توجہ دی، پھر اپنی رات کی معمولات مکمل کیں۔ آخری کام بلڈ پریشر کی دوا لینا تھا۔ زینت نے بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے دوا کی گولی نگلنے کی کوشش کی، وہ ان کے گلے میں پھنس گئی۔ یہ گولی نہ تو اُگلنا ممکن تھا اور نہ ہی نگلنا، جس کی وجہ سے ان کی سانس محدود ہو گئی۔
انہوں نے لکھا، "میں آپ سب سے یہ تجربہ شیئر کر رہی ہوں تاکہ آپ کو بھی یہ سبق ملے۔ میں نے گولی کو پانی کے کئی گھونٹ پی کر نیچے اتارنے کی کوشش کی لیکن وہ گلے میں ہی پھنسی رہی۔ اس وقت گھر میں میرے ساتھ صرف ڈاگی اور پانچ بلیاں تھیں۔ ڈاکٹر کا نمبر مسلسل مصروف تھا، اور میں گھبراہٹ میں اپنے بیٹے زاہان کو فون کرتی رہی۔”زاہان نے فوراً اپنی مصروفیات چھوڑ کر ماں کی مدد کے لیے آنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران، زینت نے مزید پانی پیتے ہوئے انتظار کیا۔ آخرکار ڈاکٹر سے رابطہ ہوا، جنہوں نے کہا کہ گولی وقت کے ساتھ خود تحلیل ہو جائے گی۔ زینت نے چند گھنٹے گرم پانی کے گھونٹ پیتے ہوئے اور صبر کرتے ہوئے گزارے، حتیٰ کہ صبح وہ مکمل طور پر بہتر محسوس کرنے لگیں۔زینت امان نے اس تجربے کو زندگی کی مشکلات سے نمٹنے کا ایک استعارہ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا، "زندگی میں ایسے لمحات بھی آتے ہیں جہاں ہمیں عمل اور تبدیلی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن کبھی کبھار کچھ مسائل کا حل صبر، سکون اور اپنے خوف پر قابو پانے میں چھپا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "مشکل وقت بھی تحلیل ہو جاتا ہے اور اس کے بعد جو باقی رہ جاتا ہے، وہ ہمارے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔”زینت امان کا یہ واقعہ ان کے مداحوں کو متاثر کرنے کے ساتھ زندگی کے ان پہلوؤں پر بھی غور کرنے کی دعوت دیتا ہے، جہاں کبھی جلدی کرنے کے بجائے تحمل اور صبر بہترین حکمتِ عملی ثابت ہوتے ہیں۔ ان کا یہ پیغام یقیناً زندگی کے دباؤ سے نمٹنے کا حوصلہ فراہم کرتا ہے۔