گریٹر نوئیڈا میں لگاتار جمنا ندی کی آبی سطح بڑھنے سے اس کے قریبی گاؤں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ اس سے دیہی لوگوں کو آنے جانے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پولیس اور این ڈی آر ایف نے سیلاب زدہ علاقے میں پھنسے اب تک تقریباً 20 لوگوں کو ریسکیو کر لیا ہے۔ اس دوران جمنا علاقے کے ربوپورہ میں سیلاب میں پھنسی حاملہ خاتون کو پولیس نے فوری طور پر ریسکیو کرکے اسے اسپتال پہنچایا۔ اگر تھوڑی دیر ہوتی تو زچہ اور بچہ دونوں کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق حاملہ خاتون کا کنبہ ہریانہ علاقے میں رہتا ہے۔ شوہر اسپتال جانے کے لیے اپنی بیوی اور معصوم بچوں کے ساتھ نکلا تھا، لیکن جمنا کی آبی سطح بڑھنے سے اس کے کنارے پانی میں پھنس گیا۔ حاملہ خاتون درد سے کراہ رہی تھی، اسی دوران این ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیم وہاں سے نکل رہی تھی، آواز آنے پر انہیں فوری ریسکیو کرکے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جس سے حاملہ خاتون اور اس کے بچے کی جان بچ گئی۔
دوسری طرف گریٹر نوئیڈا میں ربو پورہ کے مہندی پور گاؤں میں ہفتہ کو جمنا کی آبی سطح بڑھنے کے درمیان بڑا حادثہ ہوگیا۔ سیلاب کے پانی میں نہانے گئے چار دوستوں میں سے ایک 17 سالہ نوجوان فرید پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ واقعہ کے بعد گاؤں میں ماتم کا ماحول ہے اور اہل خانہ کا رو رو کر بُرا حال ہے۔