رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل محمد بن عبد الکریم عیسیٰ نے کل دہلی کی شاہی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا اور نماز پڑھائی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اسلام کو میانہ روی اور اعتدال پسندی کا مذہب قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو اخلاق حسنہ کو اختیار کرنا چاہئے۔ شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کی آمد سے سعودی عرب اور ہندوستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
پانچ روزہ دورے پر آئے شیخ عیسیٰ نے جامع مسجد میں جمع جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمت، دانائی اور اخلاق حسنہ مسلمان کا زیور ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا اسلام نرمی اور آسانی کا مذہب ہے اور جو مذہب کے نام پر تشدد کریں گے تو وہ ناکام ہو جائیں گے۔ شیخ عیسیٰ نے کہا کہ تقویٰ اور طہارت اختیار کرنے والے مسلمان ہی کامیاب ہو سکتے ہیں۔
شیخ عیسیٰ نے کہا کہ نبی کریم کا اخلاق اور مبارک زندگی قران کا آئینہ ہے۔ اسلام ایک ایسی تہذیب اور ثقافت کا نام ہے جس کی اخلاق کریمانہ پر ہے۔ واضح رہے شیخ عیسیٰ نے حکومت کے ذمہ داران کے ساتھ ساتھ مسلم مذہبی رہنماؤں سے اپنے اس دورے کے دوران ملاقات کی۔