کوچی آبی میٹرو کی کامیابی کے بعد اب ملک بھر میں 18 جگہوں پر یہ سہولت مہیا کرانے کی تیاری چل رہی ہے۔ ماحولیات کے موافق اس نئے آبی ٹرانسپورٹ ماڈل کو دُہرانے کا منصوبہ ہے۔ کوچی میٹرو ریل لمیٹیڈ کی طرف سے یہ جانکاری دی گئی۔ آبی میٹرو کا انتظام اور رکھ رکھاؤ کرنے والی کے ایم آر ایل نے اس سلسلے میں ہفتہ کو ایک بیان جاری کیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بندر گاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہ کی وزارت نے اُسے مختلف علاقوں میں اسی طرح کے آبی میٹرو سسٹم کی صلاحیت کا جائزہ لینے کا کام سونپا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں اپنے بورڈ آف ڈائریکٹر سے مشاورتی شاخ بنانے کی منظوری ملی ہے۔ اس کے بعد کے ایم آر ایل نے ابتدائی کام کے لیے ایک داخلی کمیٹی تشکیل دی۔ ضرورت پڑنے پر اس کام کے لیے باہری ماہرین کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی پہل کے ایم آر ایل کیرالہ کے اینوویشن اور مہارت کے لیے فخر کی بات ہے۔پریس ریلیز میں ان شہروں کے بارے میں بتایا گیا ہے جہاں آبی میٹرو چلائے جانے کی تیاری ہے۔ ان میں احمد آباد، سورت، منگلورو، پٹنہ، پریاگ راج، سری نگر، وارانسی، ممبئی، کوچی اور وسئی شامل ہیں۔