نئی دہلی: ہندوستان کے نئے نائب صدر کے انتخاب کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جمعہ کو انتخابی شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ووٹنگ 9 ستمبر 2025 کو کرائی جائے گی۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن 7 اگست کو جاری کیا جائے گا۔کمیشن کے مطابق، امیدوار 21 اگست تک اپنی نامزدگی داخل کر سکتے ہیں، جبکہ ان کی جانچ 22 اگست کو ہوگی۔ اگر مقابلے کی ضرورت پیش آئی تو ووٹنگ 9 ستمبر کو کرائی جائے گی اور اسی دن نتیجے کا اعلان بھی متوقع ہے۔
نائب صدر کے انتخاب میں خفیہ رائے دہی کی جاتی ہے، جس کے باعث کراس ووٹنگ کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ اگر اپوزیشن کی طرف سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آتا تو حکمراں اتحاد کے امیدوار کا بلامقابلہ منتخب ہونا ممکن ہے۔یہ انتخاب نائب صدر جگدیپ دھنکڑ کے استعفے کے بعد منعقد ہو رہا ہے۔ اس بار راجیہ سبھا کے سیکریٹری جنرل کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جو وزارتِ قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد طے پایا ہے۔