بھوپال: راجستھان کے شہر کوٹہ میں 70 سالہ شخص کے پت سے ایک انوکھے آپریشن کے بعد 6 ہزار 110 پتھریاں کامیابی سے نکال لی گئیں۔ یہ نایاب سرجری مشہور لیپروسکوپک سرجن ڈاکٹر دنیش جندال نے کی، جس نے عالمی طبی حلقوں میں حیرت اور دلچسپی پیدا کی ہے۔
مریض کو کئی سالوں سے پیٹ میں درد، الٹی اور دیگر طبی پیچیدگیوں کا سامنا تھا، اور ہر ممکن علاج کے باوجود اسے آرام نہیں ملا تھا۔ سونوگرافی کے بعد معلوم ہوا کہ ان کے پتے میں ہزاروں چھوٹی چھوٹی پتھریاں جمع ہو چکی تھیں، جنہوں نے پتے کا سائز دوگنا کر دیا تھا، جو عام طور پر 7×2 سینٹی میٹر ہوتا ہے، لیکن مریض کے کیس میں یہ 12×4 سینٹی میٹر ہو چکا تھا۔
ڈاکٹر جندال نے بتایا کہ سرجری محض 30 منٹ میں مکمل ہوئی، تاہم پتھریوں کی تعداد گننے میں ڈھائی گھنٹے لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک نازک آپریشن تھا، کیونکہ پتے میں پتھریاں لبلبے کی سوزش، یرقان اور حتیٰ کہ کینسر کا بھی سبب بن سکتی تھیں۔
آپریشن کے دوران انتہائی احتیاط برتی گئی تاکہ پتے میں موجود سوراخ کی وجہ سے پتھریاں پیٹ میں نہ پھیلیں، ورنہ انفیکشن کا خطرہ پیدا ہو سکتا تھا
آپریشن جمعہ کے روز کیا گیا اور مریض کو اگلے ہی دن مکمل صحتیابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ اب وہ پوری طرح سے صحت مند ہے اور عام زندگی گزار رہا ہے۔ یہ نایاب آپریشن اپنی نوعیت کا انوکھا کیس ہے اور میڈیکل سائنس کے لیے ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔