پٹنہ: بہار میں بدھ کی رات سے موسم نے اچانک کروٹ لی۔ رات میں پٹنہ، بگہا، بھوجپور اور شیخ پورہ میں موسلادھار بارش ہوئی۔ اس سے مرطوب گرمی سے پریشان لوگوں کو راحت ملی ہے۔موتی ہاری، گیا، نالندہ، سیوان، جہان آباد، چھپرا اور شیخ پورہ میں جمعرات کی صبح سے ہی بارش ہو رہی ہے۔ سیوان میں بارش کی وجہ سے سڑکیں پانی سے بھر گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 اگست تک ریاست میں بارش کا نظام فعال رہنے کا امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب 21 اگست کو شمالی بہار کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جب کہ 22 اگست کوپورے بہار میں بارش کا امکان ہے ۔ریاست میں جون اور جولائی کے مہینوں میں بہت زیادہ بارش نہیںہوئی لیکن اگست کے پہلے دو ہفتوں میںریاست میں شدید بارش ہوئی. اس دوران کئی اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی۔لیکن مانسون کی کمی کا گراف معمول سے نیچے ہی رہا ۔ دو دن پہلے ریاست میں 29 فیصد کم بارش ہوئی جس سے یہ گراف ایک بار پھر بڑھ کر 31 فیصد ہو گیا ہے۔
ریاست میں گزشتہ دو دنوں سے ایک بار پھر مرطوب گرمی لوگوں کو پریشان کر رہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 ڈگری سیلسیس زیادہ رہا۔پٹنہ میں بدھ کی دیر رات بارش کے بعد صبح سے ہی آسمان ابر آلود ہے۔ درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پٹنہ میں آج بادلوں کی آمدورفت ہوگی، لیکن بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وہیں بدھ کو پٹنہ میں دن بھر موسم خشک رہا اور مرطوب گرمی نے لوگوں کو پریشان کیا۔