ہندوستان کی جدید ترین ٹرینوں میں شمار کی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس نے محکمہ ریل کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ویڈیو میں وندے بھارت ٹرین کی چھت سے پانی ٹپکتا ہوا دکھائی دے رہا ہے اور اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے یوزرس دعویٰ کر رہے ہیں کہ ٹرین کا معیار اتنا خراب ہے کہ بارش بھی نہیں جھیل پائی۔
ویڈیو 8 سیکنڈ کی ہے جس میں ٹرین کی ایک بوگی کے اندر پانی گرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ حالانکہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ویڈیو کب کی ہے، لیکن جس تیزی سے بوگی میں پانی ٹپک رہا ہے وہ حیران کرنے والا ہے۔ ٹرین میں موجود کچھ اسٹاف پانی کو صاف کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک یوزر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اگر واقعی میں ایسا ہے تو میں کم آرامدہ اور پرانی تکنیک والی ٹرینوں میں سفر کرنا پسند کروں گا۔‘‘
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کانگریس نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس سمیت کئی دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے ٹوئٹر پر اس ویڈیو کلپ کو شیئر کیا ہے اور وندے بھارت ٹرین کے معیار پر سوال اٹھا رہی ہیں۔ کیرالہ کانگریس نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ وندے بھارت ایکسپریس کا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں اس وقت 17 وندے بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں۔ 2019 میں پہلی ہائی اسپیڈ ٹرین وارانسی سے چلی تھی۔ مرکزی حکومت نے رواں سال اگست تک 75 وندے بھارت ٹرینیں چلانے کا ہدف رکھا ہے۔ یعنی آئندہ ڈھائی ماہ میں 58 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ حالانکہ کم وقت میں 58 وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھانا مرکزی حکومت کے لیے بہت آسان دکھائی نہیں دے رہا۔