نئی دہلی :وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ امرت کلش یاترا اِس مہینے کی 31 تاریخ کو دلی کے کرتویہ پتھ پر ختم ہوگی۔ آج آکاشوانی پر من کی بات پروگرام میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ امرت کلش یاترا کے تحت ملک کے گوشے گوشے سے اکھٹا کی گئی مٹی اب دلی پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مٹی کو ایک بڑے بھارت کلش میں رکھا جائے گا اور دلی میں ایک امرت واٹیکا بنائی جائے گی۔ پورے ملک میں پچھلے ڈھائی سال سے جاری آزادی کا امرت مہوتسو بھی 31 اکتوبر کو ختم ہوجائے گا۔ اِس دن ملک مردآہن سردار ولّبھ بھائی پٹیل کا یوم پیدائش منائے گا۔ مودی نے کہاکہ بھارتی شہری ملک کے 580 سے زیادہ رجواڑوں کو مربوط کرنے میں اُن کے بے مثال رول کو یاد کرتے ہیں۔ہر سال 31 اکتوبر کو اتحاد کے دن سے وابستہ بڑی تقریب گجرات میں مجسمہ اتحاد پر ہوتی ہے۔ مودی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اِس دن اتحاد کے پروگراموں کا اہتمام کریں اور بڑی تعداد میں اس میں شامل ہوں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اس موقع پر ایک ملک گیر پلیٹ فارم”میرا یووا بھارت“ کی بنیاد رکھی جارہی ہے۔ یہ وسیلہ نوجوانوں کو ملک کی تعمیر سے وابستہ مختلف سرگرمیوں میں سرگرم رول ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
مودی نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ مائی بھارت ڈاٹ جی او وی ڈاٹ اِن پر اپنا اندراج کرائیں اور مختلف پروگراموں میں شامل ہوں۔ یہ ویب سائٹ جلد شروع ہونے والی ہے۔ وزیراعظم نے ہم وطنوں کو تلقین کی کہ وہ تہواروں کے دنوں میں ”ووکل فار لوکل“ پر توجہ دیں تاکہ آتم نربھر بھارت کے خواب کی تکمیل ہوسکے۔ جناب مودی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ دیوالی کے لئے خریداری کرتے وقت ملک میں ہی تیار کی گئی اشیاء اور سامان خریدیں تاکہ اِنہیں فروخت کرنے والوں کی زندگی بھی روشن ہوسکے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گاندھی جینتی کے موقع پر دلی میں کھادی کی اشیاء کی ریکارڈ فروخت ہوئی۔ جناب مودی نے کہاکہ کناٹ پلیس میں واقع ایک ہی کھادی اسٹور سے لوگوں نے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سامان اور اشیاء خریدیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ووکل فار لوکل کا جذبہ تہواروں کی خریداری تک ہی محدود نہیں ہونا چاہئے۔بھگوان برسا منڈا کی جینتی کے موقع پر 15 نومبر کو جن جاتیہ گورو دیوس منایا جائے گا۔ اِس تناظر میں جناب مودی نے کہاکہ بھگوان برسا منڈا سبھی لوگوں کے دل میں بستے ہیں اور لوگ اُن کی زندگی سے حقیقی ہمت اور دلیری کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھارت میں قبائلی جنگی سورماؤں کی شاندار تاریخ رہی ہے۔ اُنھوں نے تِلکا مانجھی،سدھو کنہو،تنتیا بھیل اور شہید ویر نارائن سنگھ کی مثال پیش کی۔ جناب مودی نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ خواہ یہ ویر رام گونڈ ہوں، ویرگندادہرہوں یا پھر بھیما نائک، اُن کی بہادری اور دلیری سے ہر ایک کو ترغیب ملتی ہے۔ وزیراعظم نے اِس بات پر فخر کا اظہارکیا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے پیرا ایشیائی گیمز میں نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ بھارت نے اِن کھیلوں میں 111 تمغے جیت کر تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا ہے۔