فلم ’72 حوریں‘ کو لے کر جس طرح تنازعہ چل رہا ہے، اس سے کچھ لوگ امکان ظاہر کر رہے تھے کہ یہ فلم اگر اچھی نہیں ہوگی تو بھی فائدے میں رہے گی۔ کچھ لوگ تو یہ بھی کہہ رہے تھے کہ فلم سے جڑے لوگ فلم کے نام اور اس کے مواد کو لے کر پیدا تنازعہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ اس طرح کی کوششیں فلم ریلیز کے بعد پہلے ہی دن ناکام ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ سنجے پورن سنگھ چوہان کی اس فلم نے پہلے دن 72 لاکھ کی بھی کمائی نہیں کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’72 حوریں‘ پہلے دن باکس آفس پر پوری طرح ٹھنڈی ثابت ہوئی۔ فلم کے پہلے ہی دن کے اعداد و شمار کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ریس شروع ہونے سے پہلے ہی یہ باہر ہو گئی ہے۔ فلم کے تنازعہ کو دیکھتے ہوئے فلم ناقدین نے اندازہ لگایا تھا کہ یہ فلم پہلے دن 72 لاکھ کی کمائی کر سکتی ہے، لیکن پہلے دن کے جو اعداد و شمار سامنے آئے ہیں وہ فلمسازوں کے لیے انتہائی مایوس کن ہیں۔
دراصل پون ملہوترا اور عامر بصیر کے مرکزی کردار والی اس فلم کو ملا جلا رسپانس مل رہا ہے۔ رپورٹ کی مانیں تو ’72 حوریں‘ نے پہلے دن تقریباً 35 لاکھ کا ہی کاروبار کیا ہے۔ اس کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فلم جلد ہی پوری طرح سے باکس آفس کی ریس سے باہر ہو جائے گی۔
ویسے ’72 حوریں‘ کے کو-پروڈیوسر اشوک پنڈت نے حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا تھا۔ اس میں انھوں نے الزام لگایا تھا کہ بورڈ نے جولائی میں ریلیز ہونے سے پہلے فلم کے ٹریلر کو سنسر سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کر دیا، جبکہ فلم کو سنسر بورڈ نے سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ انھوں نے سنسر بورڈ پر ایک آفیشیل اسٹیٹمنٹ جاری کرتے ہوئے اپنی اس بات کو رکھا تھا۔ اس کے بعد بھی فلم کو لے کر کئی طرح کے تنازعات شروع ہوئے تھے، لیکن فلم ’72 حوریں‘ کو فی الحال کسی بھی تنازعہ کا فائدہ ملتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔