چندی گڑھ : پانچ ماہ تک پاکستان میں رہنے کے بعد انجو اب ہندوستان واپس آگئی ہیں۔ اس کا پاکستانی شوہر نصراللہ انجو کو واگہہ بارڈر پر ڈراپ کرنے کیلئے آیا تھا۔ یہاں اس نے بتایا کہ انجو اپنے بچوں سے ملنے کیلئے ہندوستان گئی ہے اور وہ جلد ہی پاکستان واپس آجائے گی۔ فی الحال اس کے پاس پاکستانی ویزا ہے۔
گزشتہ 24 جولائی کو انجو باقاعدہ طور پر ویزا لے کر پاکستان گئی تھی اور 25 جولائی کو اس نے نصر اللہ سے شادی کرکے اپنا نام فاطمہ رکھ لیا تھا۔ ان دنوں انجو میڈیا کی سرخیوں میں تھیں اور ان کی شادی کے ویڈیوز بھی کافی وائرل ہوئے تھے۔نصراللہ کا کہنا ہے کہ انجو سے اس کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان 4 سالوں سے افیئر چل رہا تھا۔ اس دوران ہم ہر روز ایک دوسرے سے بات کرتے تھے۔ نصراللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انجو نے پہلے شادی کی پیشکش کی تھی۔ اس کے بعد 21 جولائی کو انجو ویزا لے کر ان سے ملنے پاکستان آ گئی۔ انجو پہلے اسلام آباد اور پھر واگہہ بارڈر کے راستے دیر پہنچی تھی۔راجستھان میں انجو کے ہندوستان شوہر اروند اور ان کے بچے اس سے ناراض ہیں جب کہ خاندان کے دیگر افراد کا کہنا ہے کہ انجو کی دوسری شادی غلط ہے۔ انجو نے پہلے بھی محبت کی شادی کی تھی اور اس کے بچے فی الحال اپنے والد اروند کے ساتھ رہ رہے ہیں۔