جموں: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نارکو دہشت گردی کے ملزم لڈی رام کو منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس پر حزب المجاہدین کی مالی معاونت کا بھی الزام ہے۔ ای ڈی نےملزم کو جموں کی عدالت میں پیش کیا جہاں اسے چار دن کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ ای ڈی کے مطابق جموں و کشمیر میں نارکو دہشت گردی کا یہ ماڈیول منشیات کے ذریعہ کمائے گئے کالے دھن کو دہشت گردانہ سازشوں میں استعمال کرا رہا تھا۔ای ڈی کے مطابق یہ رقم ہندوستان میں دہشت پھیلانے کے لیے حزب المجاہدین کے دہشت گردوں کو بھیجی جا رہی تھی۔ ای ڈی نے سال 2019 میں جموں و کشمیر پولیس کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر پر اپنی تحقیقات شروع کی تھی۔ 2019 میں جموں و کشمیر پولیس نے نارکو دہشت گردی کے اس معاملے میں ارشد احمد، فیاض احمد ڈار، لڈی رام اور کچھ دیگر کو گرفتار کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے ان کے پاس سے منشیات اور نقدی برآمد کی تھی۔