نئی دہلی: قائد اپوزیشن لوک سبھا راہل گاندھی کو نیابنگلہ ملنے والا ہے۔ ہاؤسنگ کمیٹی نے انہیں بنگلہ نمبر5(سنہری باغ روڈ) کی پیشکش کی ہے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔بنگلہ کے تعلق سے قیاس آرائیاں اُس وقت تیز ہوئیں جب ان کی بہن پرینکا گاندھی وڈرا نے اِس بنگلہ کا دورہ کیا۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کو اِس بنگلہ کی پیشکش کی گئی ہے اور اُن کی طرف سے جواب کا انتظار ہے۔
رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد سے راہول گاندھی کی رہائش بنگلہ نمبر12 تغلق لین رہی ہے۔ تاہم انہیں گزشتہ برس لوک سبھا سے نااہل قرار پانے پر یہ بنگلہ خالی کرنا پڑا تھا۔بعد ازاں وہ اپنی ماں سونیا گاندھی کے بنگلہ 10جن پتھ منتقل ہوگئے تھے اور نااہلی ختم ہونے تک وہیں رہ رہے تھے۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن بننے کے بعد وہ ٹائپ8 بنگلہ کے مجاز ہیں، کیونکہ ان کا درجہ کابینی وزیر کا ہے۔