نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے گھریلو کھانا پکانے کے گیس سلنڈر پر 200 روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی حکومت نے مہنگائی کا شکار لوگوں کو راحت دینے کے لیے رکھشا بندھن اور اونم پر یہ اعلان کیا ہے۔ گیس سلنڈر کی قیمتوں میں تمام صارفین کو 200 روپے تک کی سبسڈی دی جائے گی۔اجول یوجنا کے استفادہ کنندگان کو 200 روپے کی سبسڈی کے علاوہ 200 روپے کی الگ سبسڈی دی جائے گی جو وہ پہلے سےجاری ہے۔ یعنی انہیں گیس سلنڈر پر 400 روپے کی چھوٹ ملے گی۔
رکھشا بندھن کے موقع پریہ اعلان مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد کیا۔پریس بریفنگ کے دوران مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ گیس سلنڈر ایک بار پھر سستے ہو گئے ہیں، وزیر اعظم نے راکھی اور اونم پر ملک کی کروڑوں بہنوں کو تحفہ دیاہے۔اس سے قبل یکم اگست کو پٹرولیم کمپنیوں نے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کی کمی کی تھی۔
ملک میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 200 روپے کی کمی کے مرکز کے فیصلے پر این سی پی کی کارگزار صدر اور رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے کہا کہ یہ ایک ‘جملہ باز حکومت ہے۔ 200 روپے کم کرنے سے کیا ہوگا؟ جب ہماری حکومت تھی تو سلنڈر کی قیمت 400 روپے تھی اور آج 1150 روپے ہے،انہیں قیمتوں میں 500 روپے یا 700 روپے کی کمی کرنی چاہیے تھی۔ یہ سب انتخابی جملہ ہے۔ انہوں نے ساڑھے چار سال مہنگائی کا نہیں سوچا،اب یہ سمجھ میں آیا ہے کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ سپریہ نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سےبی جے پی مسترد کردیا، اس لیے مرکزی حکومت خوفزدہ ہے۔