چنڈی گڑھ: ہریانہ میں بڑھتی ہوئی گرمی اور لو کی شدت کے پیش نظر ریاست کے محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ہدایات کا مقصد طلبہ کو شدید گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا اور ان کی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے ریاست بھر کے تمام ضلعی تعلیم افسران، بلاک سطح کے افسران، بنیادی تعلیم کے ذمہ داران اور اسکول پرنسپلز کو باقاعدہ مراسلہ بھیج کر ان ہدایات پر فوری اور سختی سے عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
جاری کردہ ہدایات میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورت میں طلبہ کو کھلی دھوپ میں بیٹھنے یا کسی بھی پروگرام میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔ اسکولوں کو پابند کیا گیا ہے کہ طلبہ کے لیے صاف پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائیں تاکہ پانی کی کمی یا ڈی ہائیڈریشن سے بچاؤ ممکن ہو۔ اس کے علاوہ تمام اسکولوں کو دن میں تین بار پانی پینے کے لیے خصوصی گھنٹی بجانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بچوں کو باقاعدگی سے پانی پینے کی یاد دہانی کرائی جا سکے۔
اس کے ساتھ ہی اسکول مینجمنٹ کمیٹی (ایس ایم سی) کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ ریڈ کراس فنڈ کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ کے لیے او آر ایس کے پیکٹوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ طلبہ کو گرمی سے بچاؤ کے اقدامات سے باخبر کرنے اور ان میں آگاہی پیدا کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ضرورت پڑنے پر آیوش محکمہ سے بھی مدد لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے قریبی اسپتالوں سے رابطے میں رہنے اور اساتذہ و عملے کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسکولوں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ کلاس رومز کی کھڑکیوں کو المونیم فوائل، گتوں یا کسی عکسی (ریفلیکٹیو) مواد سے ڈھانپیں تاکہ گرمی اندر داخل نہ ہو سکے، جبکہ گرم ہوا کی روک تھام کے لیے پردے استعمال کیے جائیں۔
مزید یہ کہ موسم کے روزانہ کے حالیہ پیش گوئی پر نظر رکھنے، ممکنہ درجہ حرارت میں اضافے کے وقت ہوشیار رہنے، اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
طلبہ کی حفاظت کے لیے واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی بھی بچے کو بند گاڑی میں اکیلا نہ چھوڑا جائے۔ اسکولوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بیرونی سرگرمیاں صبح 10 بجے سے پہلے مکمل کر لی جائیں تاکہ طلبہ شدید گرمی سے محفوظ رہیں۔
علاوہ ازیں، طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران وہ گھروں میں ہی رہیں اور باہر نکلنے سے حتی الامکان گریز کریں۔ اگر باہر جانا ضروری ہو تو سر اور جسم کو ڈھانپ کر نکلیں، ہلکی اور متوازن خوراک استعمال کریں۔
یہ تمام ہدایات فوری طور پر لاگو کی گئی ہیں اور ریاست کے تمام اسکولوں کو ان پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔