نئی دہلی :دہلی کے ساکیت کورٹ نے پیر کے روز ہتک عزتی کے ایک معاملے میں سماجی کارکن میدھا پاٹکر کو ذیلی عدالت سے ملی سزا پر روک لگا دی ہے۔ عدالت نے 25 ہزار روپے بائونڈ اور اتنی ہی ضمانتی رقم جمع کرنے پر میدھا پاٹکر کو ضمانت دے دی اور سزا پر روک لگا دی۔ ساتھ ہی ایڈیشنل سیشن جج نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سکسینہ کی طرف سے ایڈووکیٹ گجندر کمار نے اس نوٹس کو قبول کیا۔ اب اس معاملے میں آئندہ سماعت 4 ستمبر کو ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ میدھا پاٹکر نے ذیلی عدالت کے ذریعہ 5 ماہ قید کی سنائی گئی سزا کے حکم کو چیلنج پیش کیا تھا۔ اس سے قبل یکم جولائی کو دہلی کے ساکیت کورٹ نے سماجی کارکن اور نرمدا بچاؤ تحریک کی لیڈر میدھا پاٹکر کو وی کے سکسینہ کے ذریعہ داخل ہتک عزتی معاملے میں پانچ ماہ کی معمولی قید کی سزا سنائی تھی۔ ساکیت کورٹ کے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ راگھو شرما نے سزا سناتے ہوئے پاٹکر کو سکسینہ کے وقار کو ہوئے نقصان کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ کی ادائیگی کا بھی حکم دیا تھا۔