نئی دہلی :کرکٹ عالمی کپ 2023 میں پیر کے روز اس وقت ایک بڑا اور تاریخی تنازعہ کھڑا ہو گیا جب دہلی میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی اپیل پر سری لنکا کے اسٹار کرکٹر اینجلو میتھیوز کو ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دے دیا گیا۔ کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں پہلی بار کوئی بلے باز اس طرح ’ٹائم آؤٹ‘ ہوا ہے۔ اس پر تنازعہ بھی کھڑا ہو گیا ہے۔دراصل دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف عالمی کپ میچ کے دوران سدیرا سمروکرما کے آؤٹ ہونے پر اینجلو میتھیوز بلے باز کے لیے آئے۔ وہ کریز پر گیند کھیلنے کے لیے تیار ہو گئے تھے، لیکن ہیلمٹ جب پہن رہے تھے تو اس کا اسٹریپ ٹوٹ گیا۔ ایسے میں انھوں نے دوسرا ہیلمٹ لانے کا اشارہ کیا اور انتظار کرنے لگے۔ لیکن اس درمیان بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ’ٹائم آؤٹ‘ کی اپیل کر دی۔
پہلے تو امپائروں کو یہ مذاق لگا، لیکن بنگلہ دیش ٹیم کے ساتھ بات چیت کے بعد آن فیلڈ امپائروں نے سری لنکائی بلے باز کو ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دے دیا۔ اینجلو میتھیوز نے امپائروں اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں سے کافی دیر تک بحث کی اور سمجھانے کی کوشش کی، لیکن بنگلہ دیشی کپتان نہیں مانے اور میتھیوز کو پویلین لوٹنا پڑا۔ افسوسناک انداز میں آؤٹ ہونے والے میتھیوز کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ایم سی سی اصولوں کے مطابق وکٹ گرنے کے بعد اگلے بلے باز کو 3 منٹ کے اندر گیند کھیلنے کے لیے تیار ہونا پڑتا ہے۔ ایسا نہیں ہونے پر فیلڈ امپائر سے مخالف ٹیم اپیل کرتی ہے تو آؤٹ دیا جا سکتا ہے۔ بنگلہ دیش نے اسی اصول کا فائدہ اٹھایا اور میتھیوز بغیر کوئی گیند کھیلے آؤٹ ہو گئے۔ حالانکہ اس ’ٹائم آؤٹ‘ پر تنازعہ بھی کھڑا ہو گیا ہے اور کئی سرکردہ کھلاڑیوں نے اس پر سوال اٹھایا ہے۔