سہسرام :روہتاس میں جمعرات کو عید میلاد النبی کے جلوس کے پیش نظر ضلع میں ریڈ الرٹ ہے۔ ڈی ایم دھرمیندر کمار اور ایس پی ونیت کمار نے بدھ کو جلوس کے حوالے سے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع میںعید میلاد النبی کے موقع پر 271 مقامات پر پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہےجو صبح 8 بجے سے جلوس کے اختتام تک جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ عید میلاد النبی کے جلوس کے پیش نظر سہسرام شہر کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہاں تین شفٹوں میں گاڑیوں کی گشت کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضلعی سطح پر کلکٹریٹ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو صبح 7 بجے سے جلوس کے اختتام تک فعال رہے گا۔
دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک سہسرام نگر تھانہ علاقہ میں جلوس نکالا جائے گاجبکہ تھانہ روہتاس کے اکبر پور میں عید میلاد کا جلوس صبح سے شام 6 بجے تک نکالنے کا وقت دیا گیا ہے۔اسی طرح دہری نگر تھانہ علاقہ کے بارہ پتھر میں دوپہر 3 بجے سے رات 10 بجے تک اور بکرم گنج تھانہ علاقہ کے گلزار باغ میں صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جلوس نکالنے کی اجازت ہے۔ایس پی نے کہا کہ تمام ایس ڈی ایمز، ایس ڈی پی اور تھانہ انچارج کو ہدایت دی گئی ہے کہ جلوس بغیر لائسنس کے نہیں نکالا جائے۔ جن علاقوں میں لائسنس جاری کیے گئے ہیں وہاں جلوس مقررہ راستوں سے ہی جلوس نکالنے کی اجازت دی جائے ۔