ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ جنوبی خلیج بنگال میں ایک گردابی طوفان آنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ اس کے مغرب-شمال-مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی بدھ کو شمالی تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں سے دور جنوب-مغرب اور اس سے متصل مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک دباؤ علاقہ میں مرتکز ہونے کی امید ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ساحلی تمل ناڈو کے کئی اضلاع جیسے ولوپورم، کڈڈالور، مائیلادوتھورائی، ناگاپٹنم، ترووالور، تنجاور، پڈوکوٹائی اور رامناتھ پورم کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ راجدھانی چنئی کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیلم، تروچیراپلی، ویلور، تروپتر، دھرما پوری اور پڈوکوٹائی اضلاع میں الگ الگ مقامات پر بھی بارش ہونے کی امید ہے۔ ساتھ ہی گزشتہ 24 گھنٹہ ہونے والی شدید بارش کے سبب راجدھانی چنئی سمیت ریاست کے کئی علاقے زیر آب ہو گئے ہیں، جس کے سبب لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس درمیان چنئی کے مشہور مرینا بیچ پر بھی موسم کافی خراب ہے اور شمال مشرقی مانسون کی شدت کے سبب ساحل پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، یہاں گردابی طوفان کا خطرہ بنا ہوا ہے۔