جے پور:عوامی تنقید اورمختلف حلقوں سے پزور مطالبات کے بعد راجستھان حکومت نے آخرکار پنچایت، نگرپالیکا اور بلدیاتی انتخابات کے لیے دو بچوں کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 1994 میں نافذ ہونے والے اس قانون کے تحت دو سے زیادہ بچوں والے افراد کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں تھی۔ اب حکومت اس ضابطے کو ہٹانے کی سمت میں قدم اٹھا نے جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق آر ایس ایس کے دباؤ کے بعد حکومت نے اس قانون پر نظر ثانی شروع کر دی ہے۔ محکمہ نے آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا ہے اور اسے کابینہ کو بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ امکان ہے کہ حکومت اسے قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کرے گی۔
شہری ترقیات کے وزیر جھابر سنگھ کھرا نے اشارہ کیا ہے کہ حکومت کو اس قانون کے حوالے سے متعدد میمورنڈم موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں ایسی کوئی پابندی نہیں ہے تو صرف بلدیاتی انتخابات میں ہی ایسا امتیاز کیوں؟ انہوں نے کہا کہ اگر یہ شرط ختم کردی جاتی ہے تو دیہی علاقے کی سیاست میں بڑی تبدیلی دیکھنے کومل سکتی ہے۔ ہزاروں افراد جو پہلے دو سے زائد بچے پیدا کرنے کی وجہ سے الیکشن لڑنے سے محروم تھے،وہ اب امیدوار بن سکیں گے۔


















