لداخ:وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 24 مارچ 2024 کو لیہہ میں فوجیوں کے ساتھ رنگوں کا تہوار ہولی منایا۔ ان کے ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے اور جنرل آفیسر کمانڈنگ، فائر اینڈ فیوری کور لیفٹیننٹ جنرل رشیم بالی بھی تھے۔فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ان کی بہادری، عزم اور قربانی کی ستائش کی کیونکہ وہ مادر وطن کی حفاظت کے لیے دشوار گزار خطوں اور ناسازگار موسمی حالات میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اونچائی پر تعینات فوجیوں کا مثبت عزم، منفی درجہ حرارت سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے لداخ کو ہندوستان کی بہادری کی راجدھانی قرار دیا، جس طرح دہلی قومی دارالحکومت ہے، ممبئی مالیاتی دارالحکومت ہے اور بنگلور ٹیکنالوجی کی راجدھانی ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک خود کو محفوظ محسوس کر رہا ہے کیونکہ ہمارے بہادر سپاہی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ہم ترقی کر رہے ہیں اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ہمارے چوکس فوجی سرحدوں پر تیار کھڑے ہیں۔ ہر شہری کو مسلح افواج پر فخر ہے کیونکہ وہ اپنے خاندانوں سے بہت دور رہتے ہیں تاکہ ہم اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہولی اور دیگر تہوار پرامن طریقے سے منائیں۔ قوم ہمیشہ ہمارے سپاہیوں کی مقروض رہے گی، اور ان کی ہمت اور قربانیاں آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔