کانگریس رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی بدھ کی صبح دہلی سے سنبھل کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن پولیس نے انہیں غازی پور بارڈر پر روک دیا۔ انتظامیہ نے کانگریس قائدین کو سنبھل جانے سے روکنے کے لیے پہلے ہی کئی اضلاع کی حدود پر بیریکیڈنگ کر رکھی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سنبھل میں کشیدگی کے باعث کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ غازی پور بارڈر پر کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جنہوں نے پولیس کے اس اقدام پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ کارکنوں کا مطالبہ ہے کہ راہل اور پرینکا کو سنبھل جانے دیا جائے تاکہ وہ تشدد متاثرہ خاندانوں سے مل سکیں۔
غازی پور بارڈر پر پولیس نے راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس کے سینئر رہنما کے سی وینوگوپال کو روک دیا ہے۔ تینوں رہنما اس وقت اپنی گاڑی میں موجود ہیں۔ یوپی پولیس نے انہیں ایک نوٹس سونپا ہے جس پر غور و خوض جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق راہل گاندھی نے غازی آباد کے ڈی سی پی سے بات چیت کی ہے۔ فی الحال بارڈر پر پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان تناؤ کی کیفیت ہے، جبکہ رہنما اپنی اگلی حکمت عملی پر غور کر رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے پولیس سے کہا ہے کہ انہیں سنبھل اکیلے جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس کو ان کی گاڑی میں سفر کرنا مناسب نہ لگے تو وہ انہیں اپنی گاڑی میں لے کر چل سکتی ہے۔ تاہم، پولیس انتظامیہ نے ابھی تک اس کی اجازت نہیں دی ہے۔