ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں مظاہرین نے عوامی لیگ کے رہنما کے ہوٹل کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوگئے۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق مشتعل مظاہرین نے عوامی لیگ کے جیسور شہر کے جنرل سیکرٹری کے جیسورواقع زابیر انٹرنیشنل ہوٹل کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 24 افراد زندہ جل کر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ ہوٹل میں آتشزدگی کی اطلاع کل 4 بجے ملی اور فائر حکام 12 گھنٹے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے، اس دوران بیشتر افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی اور ان کی لاشیں ہوٹل کی مختلف منزلوں سے ملیں۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق فائر حکام ہجوم کی مزاحمت کی وجہ سے کافی دیر تک آگ بجھانے کا کام شروع نہ کرسکے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت ہوئی جب کہ گزشتہ روز شیخ حسینہ واجد کے استعفیٰ دینے کے بعد عوامی لیگ کے رہنماؤں کے گھروں پر مشتعل مظاہرین نے حملے بھی کیے۔