پٹنہ : منگل کو بہار میں کانگریس کو ایک بڑی کامیابی اس وقت ہاتھ لگی جب پریم چودھری نے اپنی ’وکاس شیل سوراج پارٹی‘ کو کانگریس میں ضم کر دیا۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر منیش کمار یادو نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریم چودھری اور ڈاکٹر منیش کمار یادو کو بہار کانگریس انچارج موہن پرکاش اور ریاستی صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے پارٹی میں شامل کرایا۔ اس موقع پر پریم چودھری اور ڈاکٹر منیش یادو نے کانگریس کے نظریات میں اپنا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو مضبوط کرنے کا کام کریں گے اور لوک سبھا انتخاب مضبوطی کے ساتھ لڑیں گے۔
بہار کانگریس انچارج موہن پرکاش اور ریاستی صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے پریم چودھری اور ڈاکٹر منیش کمار یادو کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کانگریس کو مضبوطی ملے گی اور لوک سبھا انتخاب میں بھی کافی مدد ہوگی۔ دونوں لیڈران کے پارٹی میں شامل ہونے سے کانگریس کارکنان میں بھی مزید جوش دیکھنے کو ملے گا۔