پریاگ راج: پیر کو صدر جہموریہ دروپدی مرمو نے یہاں پہنچ کر سنگم میں عقیدت کی ڈبکی لگائی۔ افسروں نے بتایا کہ صدر جمہوریہ صبح خصوصی طیارے سے پریاگ راج ہوائی اڈے پہنچیں جہاں ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وہاں سے وہ اوریل پہنچیں اور کشتی سے سنگم پہنچ کر غسل کیا۔ اس دوران مرمو نے تروینی سنگم پر پرندوں کو دانا بھی کھلایا۔راشٹرپتی بھون سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مہا کمبھ میں صدر مرمو سنگم میں پوجا کرنے کے ساتھ ہی اکچھے وٹ اور بڑے ہنومان مندر میں بھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مرمو ڈیجیٹل کمبھ ایکسپرینس سینٹر کا بھی دورہ کرنے والی ہیں۔
صدر جمہوریہ کا پریاگ راج کا یہ دورہ اہمیت کا حامل بتایا جا رہا ہے۔ ملک بھر کے عقیدت مندوں کے لیے بھی یہ ایک خوشگوار لمحہ ہے۔ صدر جمہوریہ کے دورہ کو دیکھتے ہوئے پریاگ راج میں حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے ہندوستان کے پہلے صدر جمہوریہ ڈاکٹر راجندر پرساد نے بھی مہا کمبھ میں اسنان کیا تھا۔
اتوار کو جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ صدر جمہوریہ تقریباً 8 گھنٹہ پریاگ راج میں گزاریں گی۔ شام 5:45 بجے مرمو نئی دہلی واپس ہو جائیں گی۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مہا کمبھ میں اب تک 40 کروڑ سے زیادہ عقیدت مند اسنان کر چکے ہیں۔ اس مہا کمبھ میں ملک کے مختلف حصوں سے سادھو، سنت، رہنما، سماجی کارکن اور عام لوگوں نے آستھا کی ڈبکی لگائی ہے۔واضح ہو کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت مرکزی کابینہ کے کئی اہم رہنما بھی سنگم میں آستھا کی ڈبکی لگا چکے ہیں۔