اتوار کی صبح گریٹر نوئیڈا ایکسپریس وے پر ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے 5 لوگوں کی موت ہو گئی جس میں 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ بتایا جتا ہے کہ ڈرائیور کو جھپکی لگ گئی تھی جس کی وجہ سے ایکسپریس وے کے کنارے کھڑے ٹرک میں ان کی کار جاکر گھس گئی۔ موقع پر ہی کار میں سوار سبھی لوگوں کی موت ہو گئی۔
یہ معاملہ گریٹر نوئیڈا پارک تھانہ علاقہ کا ہے۔ حادثہ کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے بڑی مشقت کے بعد لاشوں کو باہر نکالا اوراسے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ اس سلسلے میں اے ڈی سی پی گریٹر نوئیڈا اشوک کمار نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 6 بجے تھانہ نالج پارک کے سیکٹر 146 کے پاس خراب کھڑے ٹرک میں تیز رفتار سے آ رہی ویگنار کار نے پیچھے سے ٹکر مار دی جس میں ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دیگر 4 لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اے ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ اہل خانہ کی تحریر پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تباہ گاڑی کو ہائی وے سے ہٹا دیا گیا ہے اور آمد ورفت معمول کے مطابق شروع ہو چکی ہے۔