نئی دہلی :سی بی ایس ای بورڈ نے دسویں-بارہویں درجہ کے امتحانات سے قبل ایک بڑی تبدیلی کی ہے۔ ایک سینئر افسر نے جمعہ کے روز جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری اگزامنیشن (سی بی ایس ای) درجہ 10 اور 12 کے بورڈ امتحانات میں کوئی ڈویژن یا ڈسٹنکشن نہیں دے گا۔ سی بی ایس ای امتحان کنٹرولر سنیَم بھاردواج کا کہنا ہے کہ امتحان کے بعد ریزلٹ کی شکل میں طلبا کو کسی طرح کی مجموعی تقسیم، فرق یا نمبرات کا جوڑ نہیں دیا جائے گا۔
سنیَم بھاردواج نے کہا کہ بورڈ نمبرات کے فیصد کا شمار، ریزلٹ یا انفارمیشن نہیں دیتا ہے۔ اگر اعلیٰ تعلیم یا روزگار کے لیے نمبرات کا فیصد ضروری ہے تو شماری، اگر کوئی ہو، وہ ادارہ (جس سے منسلک ہونا ہے) یا ایمپلائر (ادارہ کے مالک) کے ذریعہ کیا جا سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل سی بی ایس ای نے میرٹ لسٹ جاری کرنے کی رسم کو بھی ختم کر دیا تھا۔ اس وجہ سے بورڈ امتحان کے ٹاپرس کی لسٹ بھی جاری نہیں ہوتی ہے۔سی بی ایس ای نے دسویں ارو بارہویں درجہ کے بورڈ امتحانات کے لیے فیصد شماری کے پیمانوں کو واضح کرتے ہوئے ایک نوٹس جاری کیا ہے۔ امتحان کے ذیلی اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے نوٹس میں زور دیا گیا ہے کہ مجموعی ڈویژن، ڈسٹنکشن، ایگریگیٹ نہیں دیا جائے گا۔ اگر کسی طالب علم نے پانچ سے زیادہ سبجیکٹ لیے ہیں تو سب سے بہتر پانچ سبجیکٹ کا تعین کر کے مارک شیٹ تیار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سی بی ایس ای بورڈ کے ذریعہ آئندہ سال ہونے والے امتحان کی تاریخ جاری ہو گئی ہے۔ درجہ دسویں اور بارہویں کے لیے تاریخ کی تفصیلی تاریخ بھی جلد ہی جاری ہونے والی ہے۔ سی بی ایس کی آفیشیل ویب سائٹ cbse.gov.in پر سبجیکٹ وائز ڈیٹ شیٹ جاری ہوگی۔ رواں سال سی بی ایس ای بورڈ دسویں اور بارہویں درجہ میں مجموعی طور پر 35 لاکھ سے زیادہ طلبا نے رجسٹریشن کرایا ہے۔