قومی راجدھانی دہلی سے ملحق ہریانہ کی تجارتی راجدھانی گروگرام میں پولیس کی سیکٹر 43 کرائم یونٹ نے ایک بدنام زمانہ جرائم پیشہ کو گرفتار کیا ہے جو نیپال اور ہندوستان میں لوگوں کو سستے آئی فون کا جھانسہ دے کر کے دھوکہ دے رہا تھا۔ گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ منظم طریقے سے غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنانے اور فراڈ کرنے میں ماہر تھا۔
گروگرام پولیس کے ترجمان اشوک کمار نے بتایا کہ 29 دسمبر کو ایک نیپالی نژاد شخص نے سشانت لوک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس میں کہا گیا کہ اس کی ملاقات کچھ عرصہ قبل نیپال میں دو نامعلوم ہندوستانی نوجوانوں سے ہوئی تھی۔ ان لوگوں نے خود کو بااثر بتاتے ہوئے انہیں امریکہ سے آئی فون منگواکر کم قیمت پر دستیاب کرانے کا لالچ دیا اور اپنے اعتماد میں لے لیا۔
متاثرہ شخص ان ملزمین کے کہنے پر 2 لاکھ روپئے نقد لے کر نیپال سے ہندوستان آئی فون خریدنے کے لیے آیا۔ ملزمین نے پہلے سے ہی گروگرام کے سشانت لوک میں ایک ہوٹل بک کر رکھا تھا اور اسے فون دینے کے بہانے وہاں بلایا۔ جب متاثرہ شخص ہوٹل کے کمرے میں پہنچا اور باتھ روم گیا تو انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاکر اس شخص کے 2 لاکھ روپے نقد اور ایک موبائل فون چوری کر کے فرار ہو گئے۔ جاتے وقت انہوں نے کمرے کو باہر سے لاک کر دیا۔
تفتیش کے دوران کرائم یونٹ نے واردات کو انجام دینے والے ایک ملزم کو دہلی سے قابو کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد غالب رضا (30 سال) کے طور پر کی گئی ہے جو پوکھریرا، سیتامڑھی ضلع، بہار کا رہنے والا ہے اور اس وقت وہ پہاڑ گنج، دہلی میں کرائے دار کے طور پرمقیم ہے۔ ملزم سے پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ایک منظم بین الاقوامی گینگ کا سرگرم رکن ہے۔ وہ اپنےدیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر خاص طور پرغیر ملکی شہریوں کو سستے الیکٹرانک گیجٹس کا لالچ دے کر ہندوستان بُلاتا ہے اور پھران کے ساتھ دھوکہ دہی اورچوری کی واردات کو انجام دیتا ہے۔


















