نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 26 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اتحادانڈیاپر شدید حملہ بولا ہے۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کے دوران وزیراعظم مودی نے کہا کہ جب ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستان آئی تو اس کے نام میں بھی انڈیا کا لفظ تھا۔ اسی طرح انڈین مجاہدین میں بھی انڈیا کا نام آتا ہے۔ صرف نام میں انڈیا رکھ لینے سے کچھ نہیں ہوتا ۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں وزیراعظم مودی نے اپوزیشن پارٹیوں پر جم کر نشانہ سادھا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ وہ طویل عرصے تک اپوزیشن میں ہی رہیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی یہیں نہیں رکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن پوری طرح بے سمت ہے۔ ان کے پاس کوئی وژن نہیں ہے۔ ہم اپنی تیسری مدت کار میں ہندوستان کو مل کر تیسری سب سے بڑی معیشت بنائیں گے۔ موجودہ وقت کا اپوزیشن مایوس ہو چکا ہے اور لگتا ہے کہ اس نے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ اس کو اپوزیشن میں ہی رہنا ہے۔
ساتھ ہی ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کو اپنے کام پر توجہ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا کام صرف مخالفت کرنا ہے، انہیں ایسا کرنے دیں ۔ بتادیں کہ گزشتہ دنوں بنگلورو میں اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کے دوران سبھی نے متحد ہوکر 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
————————————