نئی دہلی میں پیر کی صبح ایکٹر اسکیل پر 2.8 کی شدت کا ہلکا زلزلہ آیا، جس سے قومی راجدھانی کے متعدد علاقوں میں کچھ دیر کے لیے جھٹکے محسوس ہوئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق زلزلہ صبح تقریباً 8:44 بجے آیا۔ جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ گھروں سے نکل کر میدان میں جمع ہو گئے۔ زلزلے کا مرکز شمالی دہلی میں 5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
اس زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حالانکہ اس واقعے نے ایک بار پھر دہلی کے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے زلزلے کی سرگرمیوں کے تئیں اس کی حساسیت کو اجاگر کیا۔ اس دوران این سی ایس نے ایک سرکاری بیان میں زلزلہ کی واردات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کی شدت 2.8، تاریخ 19 جنوری 2026 وقت 08:44 بجے صبح،عرض بلد 28.86 این، طول البلد 77.06 ای، گہرائی 5 کلومیٹر، مقام شمالی دہلی۔
دہلی اور آس پاس کا قومی راجدھانی علاقہ (این سی آر) کئی فعال فالٹ لائنوں کے قریب واقع ہے جو ارضیاتی دراڑیں ہیں جہاں ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ملتی ہیں اور کھسکتی ہیں۔ یہ فالٹ لائنیں اس خطے کو بار بار کم سے درمیانی شدت کے زلزلوں کے لیے حساس بناتی ہیں۔ ماہرین طویل عرصے سے خبردار کرتے رہے ہیں کہ ہلکے جھٹکوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ گنجان آباد ی والی راجدھانی کو درپیش زلزلے کے خطرات کی یاد دلاتے ہیں۔


















